اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سپریم شیعہ علماء بور ڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ بھارت کوخطے کی برترطاقت بناناعالمی استعمار کا شیطانی ایجنڈاہے، امریکہ افغانستان میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کیلئے پاکستا ن کو مزید استعمال کرنا چاہتا ہے جبکہ بھارت کو ہر قسم کے اسلحہ سے لیس اور اُسے اپنا فطری اتحادی قرار دے رہا ہے،اندرونی و بیرونی خطرات سے غافل ہمارے حکمران ، سیاستدان ایکدوسرے کو گرانے پر پوری قوت صرف کر رہے ہیں جنہیںصرف ذات و جماعت عزیز ہے، دشمن کی سازشوں کو ناکام کرنے اور وطن عزیز کو ترقی کے بام عروج تک پہنچانے کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو ساتھ ملا کر جرات مندانہ لائحہ عمل اور ملکی بقا و سلامتی پر مبنی مضبوط خارجہ پالیسی وضع کرنی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بزرگ عزادار چوہدری احمد خان مرحوم کے فرزند چوہدری اظہر عباس ، مولانا سید مبشر حسین کاظمی، صفدر عباس، جمیل عباس کی سرکردگی میں ضلع چکوال کے چالیس رکنی وفد میں شامل عزاداروں اور عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔