ملتان (سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے عالمی جونیئر سکریبل چیمپیئن شپ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے تمام ٹائٹلز اپنے نام کر لئے۔ جونیئر چیمپیئنز پاکستان پہنچنے پر انتہائی خوش نظر آئے جہاں ایئرپورٹ پر اہلخانہ اور دیگر نے ان کا شاندار استقبال کیا۔پاکستان نے عالمی جونیئر سکریبل چیمپیئن شپ جیت لی، صرف یہی نہیں ایونٹ کے تمام 7 ٹائٹلز پاکستانیوں کے نام بھی ہوئے، ورلڈ سکریبل چیمپیئن شپ میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے والے قومی کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے۔کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو کھلاڑیوں کے اہل خانہ، والدین اور دیگر نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ انگلینڈ کے شہر ٹورکوئے میں ورلڈ جونیئر سکریبل چیمپئن شپ میں معیز بیگ ہم وطن حماد ہادی خان کو شکست دیکر ورلڈ جونیئر چیمپیئن بن گئے۔انڈر 18 کا ٹائٹل شعیب ثناء اللہ کے نام رہا، انڈر 16 میں حمزہ نعیم عالمی چیمپیئن بن گئے، انڈر 14 میں سید عماد علی نے میدان مار لیا، انڈر 12 میں مزمل عاصم کامیاب ہوئے، انڈر 10 میں مصباح الرحمن نے عالمی ٹائٹل حاصل کیا۔ تین روزہ عالمی چیمپیئن شپ میں 20 ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔