لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عالم اسلام کے جامع قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی 26 نومبر کو ایوان اقبال میں ہو گی، یہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا 5 ہزار سے زائد موضوعات اور 8 ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے، اس عظیم علمی، تحقیقی اور قرآنی علوم کو عام کرنے کے کام کی سعادت اللہ رب العزت نے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کو بخشی ہے،یہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا موجودہ صدی کی بلند پایہ تحقیق اور آئندہ نسلوں کیلئے قرآن فہمی کے ضمن میں ایک بیش قدر علمی،تحقیقی کاوش ہے۔ وہ گزشتہ روز قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی کے انتظامی اجلاس کے موقع پر منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی و صوبائی رہنمائوں سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ انسائیکلوپیڈیا ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نصف صدی کے مطالعہ اور محنت شاقہ کا نتیجہ ہے، قرآن مجید، اللہ کا کلام اور قیامت تک کیلئے ذریعہ ہدایت و نجات ہے۔