فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ( ن) یوتھ ونگ پنجاب چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ڈرون حملہ ہے ۔ تبدیلی کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے تحریک انصاف غریب مکائو پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ این آر کا شور حکومتی پاگل پن کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے بجلی گیس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو زندہ در گور کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے ‘ عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کے لئے ہماری جانیں بھی قربان ہیں ۔ حکومت ملک میں انتشار کی فضا کو پروان چڑھا رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام حکومت سے نجات حاصل کرنے کے لئے بے تاب ہیں ۔ بہت جلد حکمران اپنا انجام دیکھ لیں گے ۔
تبدیلی کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے: کاشف نواز
Nov 03, 2018