لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) 55 ویں مینز نیشنل اور 16 ویں نیشنل ویمنز سوئمنگ چیمپئن شپ لاہور میں شروع ہو گئی۔ واپڈا کے سید ایم حسیب طارق جبکہ آرمی کی بسمہ خان نے نیا نیشنل ریکارڈ قائم کیا۔ تین روزہ چیمپئن شپ کے پہلے روز مینز میں واپڈا 128 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست تھا جس میں اسکے چار گولڈ، چار سلور اور ایک نز میڈل شامل تھا۔ آرمی 106 پوائنٹس کیساتھ دوسرے جس میں دو گولڈ، ایک سلور اور ایک برانز میڈل شامل تھا۔ سندھ 46 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر تھی۔ مردوں میں واپڈا کے حسیب طارق نے 200 میٹر بیک سٹروک میں مقررہ فاصلہ 2 منٹ 14.09 سیکنڈ میں طے کر نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔ خواتین کے مقابلوں میں پہلے روز آرمی 87 پوائنٹس کیساتھ پہلے نمبر پر رہی جس میں دو گولڈ، دو سلور میڈل شامل تھے۔ آرمی کی بسمہ خان نے 50 میٹر فری سٹائل میں مقررہ فاصلہ 27.99 سیکنڈ میں طے کر نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔