واشنگٹن(نیٹ نیوز) امریکی وزرات خارجہ کی رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ ایران دہشت گردوں کی مدد کرنے والے ممالک میں اب بھی پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے سال 2018 کے لیے دہشت گردی سے متعلق اپنی رپورٹ کا اجراء کر دیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران دہشت گرد تنظیموں پر ایک ارب ڈالر خرچ کرکے تاحال دنیا میں دہشت گردی کا معاون سب سے بڑا ملک ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے شعبہ انسداد دہشت گردی کے امور کے رابطہ کار نیتھن سیلز کے مطابق یہ رقم ایران نے پاسداران انقلاب کے ذریعے حزب اللہ اور حماس وغیر کو فراہم کی گئی اور یہ سلسلہ تاحال جاری و ساری ہے اور جس کا مقابلہ کرنا امریکہ کی اولین ترجیح ہے۔ رپورٹ میں دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں النصرہ فرنٹ اور افریقی داعش تنظیم سمیت مزید 50 تنظیموں کا اضافہ کیا گیا ہے جن کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی اور ان تک پہنچنے والی فنڈنگ کو روکنے کیلیے راست اقدامات اْٹھائے جائیں گے۔