لاہور( سپورٹس رپورٹر ) قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم نے کپتان عالیان محمود کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش انڈر 16کرکٹ ٹیم کو دوسرے تین روزہ میچ میں7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-1 سے جیت لی۔ میزبان ٹیم نے 98 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 130 رنز کے خسارے کا شکار بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم دوسری اننگز میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے کپتان عالیان محمود نے دوسری اننگز میں 40 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سپنر علی اسفند نے میچ میں 4وکٹیں حاصل کیں۔ کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں آخری روز مہمان ٹیم نے 1وکٹ کے نقصان پر 64 رنز سے اپنی دوسری اننگزکاآغاز کیا پوری ٹیم 94ویں اوور میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم نے پاکستان انڈر 16 کرکٹ ٹیم کو جیت کے لیے 98 رنز کا ہدف دیا۔ عباس علی کے ناقابل شکست 43 رنز کی بدولت میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 7وکٹوں قبل حاصل کرلیا۔ اس سے قبل قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم نے پہلی اننگز میں مہمان ٹیم کے 108 رنز کے جواب میں 238 رنز اسکور کیے تھے۔
دوسرا تین روزہ میچ: قومی انڈر 16 نے بنگلہ دیش کوہرادیا
Nov 03, 2019