ملتان (نوائے وقت رپورٹ) کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس ایک اور ہولناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ملتان کے قریب سجان پور کے مقام پر ریلوے ٹریک کی پٹرولنگ کے دوران عین اس وقت ریلوے ملازم کو ٹریک کے نٹ بولٹ کھلے ملے جب کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس کو وہاں سے چند ہی منٹوں میں گزرنا تھا۔ کوئی مناسب طریقہ نہ ہونے پر عملے نے تیز گام ایکسپریس کو کریکر فائر کر کے روکا۔ ٹریک کی مرمت کر کے ٹرین کو راولپنڈی روانہ کر دیا گیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی فش پلیٹ کھلی ہوئی تھی۔ اگر اس دوران ٹرین گزرتی تو بہت ہی ہولناک سانحہ رونما ہوسکتا تھا لیکن خوش قسمتی سے ریلوے ملازم کو کھلانٹ نظر آگیا اور موقع پر ہی کارروائی کی گئی۔ دریں اثناء رحیم یار خان سے کرائم رپورٹر کے مطابق گزشتہ روز خان پور سے سکھر جانے والی روہی ایکسپریس رحیم یار خان اسٹیشن کے نزدیک ویل سپورٹ ٹوٹ جانے کے باعث ریلوے ٹریک کے نزدیک کوڑا کرکٹ پھینکنے والی میونسپل کمیٹی کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، دوسرے ٹریک پر موجود فاتر العقل شخص معمولی زخمی ہو گیا۔
ملتان: تیزگام پھر حادثہ سے بال بال بچ گئی، نا معلوم افراد نے فش پلیٹ اکھاڑ دی
Nov 03, 2019