لاہور +اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملک کو اندھا کنواں بنادیا ہے۔ علماء اور سیاسی قائد ین کو شہید کردیا جاتا ہے مگر ان کے قاتل نہیں ملتے۔ مولانا سمیع الحق کی شہادت کو 2سال ہو گئے لیکن تحریک انصاف کی حکومت آج تک قاتلوں کو نہیں پکڑ سکی۔ ملک کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان سے لے کر آج تک کئی رہنماء قتل ہوئے لیکن ان کے قاتل نہیں پکڑے گئے۔ میڈیا نے تین بڑی پارٹیوں کے منہ سے پردہ ہٹایا ہے۔ ملک کی تینوں بڑی پارٹیاں اپنی اپنی باریوں کے انتظار میں ہیں۔ ان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔ گلگت اور کشمیر کے عوام آزاد ہیں۔ اپنے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا انہیں اختیار ہے ۔ہمارا آئین کہتا ہے کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام اپنے فیصلے خود کریں گے۔ بہتر ہوتا کہ گلگت بلتستان کی اسمبلی ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں مولانا سمیع الحق شہید کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کسی مینڈیٹ کے بغیر اقدامات کر رہی ہے۔ کشمیر اور گلگت کو صوبہ بنانے کا حق وہاں کے عوام کو ملناچاہئے۔ عمران خان حکومت کی پالیسیوں نے مقبوضہ کشمیر کو انڈیا کے لئے تر نوالہ بنا دیا ہے۔ ملک دشمن سازشوں کا سرغنہ انڈیا ہے۔ انڈیا کسی صورت نہیں چاہتا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن قائم ہو۔