لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے لیے قومی ٹیم کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے دوسرے ایک روزہ میچ کیلئے اعلان کردہ سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ظفر گوہر، عبداللہ شفیق اور محمد حسنین کو پندرہ رکنی سکواڈ میں شامل جبکہ عابد علی، عماد وسیم اور حارث رؤف ڈراپ کر دیا گیا۔ ہیڈ کوچ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فائنل الیون کا اعلان پچ دیکھ کر ان میں سے کسی کو موقع دینے کا فیصلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ میچ میں مثبت کرکٹ کھیلی گئی، جس پر خوشی ہے۔ زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ 15 رکنی قومی سکواڈ میں کپتان بابر اعظم، امام الحق اور عبداللہ شفیق، فخر زمان، حیدر علی، محمد رضوان، افتخار احمد اور خوشدل شاہ، فہیم اشرف، ظفر گوہر، عثمان قادر، وہاب ریاض، شاہین آفریدی، محمد حسنین اور موسی خان شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ آج پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن بارہ بجے شروع ہو گا۔ گرین شرٹس کو تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے ۔ ون ڈے سیریز کے بعد تین میچوںپر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز بھی پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلی جائے گی ۔
تیسرا ون ڈے میچ، پاکستان، زمبابوے آج مقابل
Nov 03, 2020