اسلام آباد+ لاہور (خصوصی نمائندہ +وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ + سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) پاکستان میں کرونا وائرس کی میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کی بتدریج دوسری لہر شروع ہوچکی ہے۔ مجموعی کیسز 3 لاکھ 35 ہزار 93 ہیں۔ 3 لاکھ 15 ہزار 16 صحتیاب ہوچکے۔ انتقال کرجانے والوں کی تعداد 6 ہزار 835 ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں ایک ہزار 123 نئے کیسز اور 12 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 461 مریض صحتیاب بھی ہوگئے۔ وزیراعظم نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کرونا وائرس کا اجلاس طلب کر لیا۔ سکولوں کی بندش اور ایس او پیز کے بارے مین اہم فیصلے متوقع ہیں، دوسری طرف پنجاب میں لاہور کے 435 سمیت 830 مقامات میں مائکرو سمارٹ لاک ڈائون کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا۔ سینٹ کے 20 ملازمین میں کرونا کی تصدیق ہو گئی۔ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں پر پابندیاں لگانے پر غور شروع ہو گیا۔ فعال کیسز 13242 ہو گئے۔ سندھ میں مزید 2 افراد جاں بحق، جبکہ 443 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں مزید 283 نئے کیسز اور 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔ مجموعی اموات 2 ہزار 365 تک پہنچ گئیں۔ اسلام آباد میں کرونا کے مزید 119 کیسز کی تصدیق، اموات کی تعداد 222 ہے۔ گلگت بلتستان میں مزید 18 افراد متاثر، اموات کی مجموعی تعداد 92 ہے۔ آزاد کشمیر میں 104 لوگ متاثر جبکہ 3 افراد کا انتقال ہوا۔ اموات کی تعداد 92 ہوگئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 461 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 15 ہزار 16 ہوگئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9784 نمونے ٹیسٹ‘ 443 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں آج کرونا کے مزید 195 مریض صحتیاب ہو گئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کرونا کے باعث مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔ صوبہ بھر میں انتقال کرنے والوں کی تعداد 2633 ہو گئی۔ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے بعد متعدد مقامات پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون کر دیا۔ سیل ہونے والے مقامات کے مکین 14 دن گھروں میں آئسولیٹ ہونگے۔ پنجاب حکومت نے صوبہ کے 830 مقامات کو سیل کیا، ان مقامات میں ایک ہزار 416 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 3 ہزار 332 افراد رہائش پذیر ہیں۔ سب سے زیادہ لاہور کے 435 مقامات سیل کئے گئے۔ بہاولپور 37، بھکر 35، چینوٹ کے 7مقام مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل کئے گئے۔ ڈیرہ غازی خان کے 17، فیصل آباد میں 34 اور گوجرانوالہ میں 14 مقام کو سیل کیا گیا جبکہ گجرات کے 29، جہلم میں 8، قصور میں 3 مقامات میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا گیا جبکہ ملتان کے 44، راولپنڈی کے 47، ساہیوال کے 16، سرگودھا کے 24 مقامات کو سیل کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو آگیا، صحتیابی کے بعد صوبائی وزیر نے سرکاری امور کی انجام دہی شروع کر دی۔ پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم کے کپتان ذکا احمد کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ذکا احمد آئسولیشن میں چلے گئے۔ پاکستان ڈیف ٹیم کے ہیڈ کوچ عمر فیاض نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر کے دوران وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور پارلیمنٹ ہاؤس بھی کرونا کی زد میں آ گیا ہے۔ سینٹ حکام کے مطابق 20 سے زائد ملازمین میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد سینٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ سینٹ حکام کا کہنا ہے کہ سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے مہمانوں اور سٹاف کے داخلے پر بھی پابندی عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس اور مہمانوں کی آمد پر پابندی کا حتمی فیصلہ چیئرمین سینٹ کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کووڈ 19 کا اجلاس طلب کر لیا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں ملک میںکرونا کیسز کا جائزہ لیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں کی بندش‘ ایس او پیز پر عملدرآمد سمیت اہم معاملات زیرغور آئیں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو وائرس کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر کے دوران وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور 2 ماہ سے زائد عرصے کے بعد کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4 فیصد سے زائد ہو چکی ہے۔ ایران میں اکی دن میں ریکارڈ 440 اموات ، آٹھ ہزار سے زائد کیس بھی رپورٹ ہوئے۔ متاثرین کی تعداد 6 لاکھ 28 ہزار سے زائد ، اموات 35 ہزار سے زائد ہو گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے مزید 5 تعلیمی ادارے سیل کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ ون میں واقع ایک نجی سکول میں کرونا کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز راول ٹائون میں بھی 2 کرونا کیسز کی تصدیق ہوئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کے مطابق وفاقی داارالحکومت کے ایف ایٹ فور میں قائم ایک نجی سکول میں 2 کرونا کیسز سامنے آئے۔ سیکٹر جی سیون ٹو میں واقع نجی سکول میں 2 طلباء میں کرونا پایا گیا ، جب کہ اسلام آباد میں ہی قائم ایک اور نجی سکول میں بھی کرونا کے 2 کیسز کی تصدیق کی گئی ، جس کی بناء پر ان پانچوں تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔