شہباز شریف‘ حمزہ سے ملاقات‘ ش ن کی باتیں کرنے والوں کو پیغام مل گیا‘ ہم اکٹھے ہیں: مریم نواز 

Nov 03, 2020

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر+اپنے  نامہ نگار سے) مریم نواز کا کہنا ہے کہ  ش، ن اور م لیگ کی باتیں کرنے والوں کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکٹھے ہیں۔ احتساب عدالت میں شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پر مریم نواز بھی عدالت پہنچیں۔ مریم نواز کی عدالت آمد پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی عدالت کے باہر جمع ہوگئی اور  نعرے بازی کی۔ مریم نواز کی کمرہ عدالت میں شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔ میڈیا سے گفتگو میں  مریم نواز نے کہا کہ انہیں جتنی دہشت جمہوری قیادت سے ہے اور کسی سے نہیں۔ حکومت جو معیار سیٹ کر رہی ہے انہیں بھگتنا پڑے گا۔ اگلا سال الیکشن کا سال ہے اور گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) الیکش جیتے گی۔ ش لیگ ن لیگ اور م لیگ کی باتیں کرنے والوں کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکٹھے ہیں۔ کم ظرف لوگ 30 سال سے یہ باتیں کر رہے ہیں۔ یہ خاندان اکٹھا ہے اور اکٹھا رہے گا۔  منہ پر ہاتھ پھیر کر چھوڑوں گا نہیں کہنا انتقام کا مظہر ہے۔ اب دیکھوں گا‘ یہ ہو گا وہ ہو گا کہنا  بھی انتقام ہے جو نظر آ رہا ہے۔مریم نواز کے گلگت بلتستان کے دورے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مریم نواز چھ نومبر کو اسلام آباد سے بذریعہ طیارہ گلگت جائیں گی۔ لاہور سے 5نومبر کو اسلام آباد روانہ ہوں گی اور چھ روز گلگت بلتستان میں قیام کریں گی۔ 6  سے 11 نومبر تک سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گی اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں جلسوں سے خطاب کریں گی۔

مزیدخبریں