لاہور (نوائے وقت رپورٹ) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نئے پاکستان والوںکا جلد یوم حساب آنے والا ہے۔ حکومت سے آٹا چینی اور پٹرول کے بارے میں پوچھیں تو کہتے ہیں انکوائری ہو گی۔ سہولت کاروں نے آٹا چینی میں ملوث لوگوں کو این آر دیکر راتوں رات ملک سے باہر بھجوا دیا۔ اڑھائی سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا۔ معیشت تباہ ہو کر رہ گئی ہے۔ آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے ۔پاکستان اناڑیوں اور کنفیوژڈ حکمرانوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے جس کی سزا عوام کاٹ رہے ہیں۔ نااہلوں کا ٹولہ اپنی ناکامیوں اور نالائقیوں کو چھپانے کیلئے اداروں کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیشی کے موقع پر پارٹی رہنماؤں سے گفتگو میں کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کھوکھلی ہو چکی ہے۔ میں وثوق سے کہنا چاہتا ہوں کہ جب تاریخ میں پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کی کہانی لکھی جائے گی تو اس میں نیب اور اس کا عمران خان نیازی کیساتھ گٹھ جوڑ سرفہرست ہوگا۔ میں اپنے مقدمے یا نیب کی گرفتاری کی وجہ سے فکرمند نہیں بلکہ مجھے عام ریڑھی والے کی فکر ہے جس کی بچی بھوک سے تڑپ رہی ہے۔ ہم گھبرانے والے نہیں۔ گندم چینی میں خود کفیل ملک میں دونوں چیزی مہنگی ہونے کے باوجود دستیاب ہی نہیں ہے۔ نالائق حکمرانوں کی گڈ گورننس جن کی ایک چپڑاسی بات نہیں سنتا حکمرانوں کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے۔
پاکستان اناڑیوں کے ہتھے چڑھ گیا‘ سزا عوام کاٹ رہے ہیں: حمزہ شہباز
Nov 03, 2020