کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے زیر اہتمام سندھ مسلم لیگ ہائوس کارساز میں محفل میلاد بسلسلہ جشن عید میلاد النبیؐ کی تقریب ہوئی۔ جس میں علامہ پیر سید عظمت علی ہمدانی، سابق سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی، مولانا آزاد جمیل، ناصر الدین محمودجبکہ تلاوت کلام پاک قاری فرقان شیخانی نعت خوانوں میں قاری محمد اعظم، زبیر اسحاق، یوسف امین مانا، شعیب حبیب، فاروق شاہ ہمدانی نے ہدیہ نعت پیش کی۔ جبکہ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ، مفتاح اسماعیل، علی اکبر گجر، رانا احسان، سید منور رضا، خواجہ طارق نذیر، یاسین آزاد ایڈوکیٹ، میجر (ر) خضر حیات، سیلانی ویلفیئر کے سرپرست اعلیٰ افضل چامڑیا، خواجہ غلام شعیب، حاجی صالحین تنولی، غلام مصطفی ایڈوکیٹ، قاضی زاہد، دلاور جدون کے علاوہ سندھ ڈویژن اور اضلاع کے عہدیداران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پیر سید عظمت علی شاہ ہمدانی نے سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کی جانب سے سرکار دو عالمؐ کو اللہ تعالیٰ نے رحمت العالمین اور اطلاع کیلئے مبعوث فرمایا اور ان کی شان میں جو لوگ گستاخیاں کرتے ہیں وہ تباہ و برباد ہوجاتے ہیں۔ معروف عالم دین سابق سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہا کہ میلاد مصطفیؐ ایمان کی اساس ہے حضور ؐ دونوں جہانوں میں اعلیٰ مقام رکھتے ہیں اور حشر کے میدان میں مسلم اُمہ کی شفاعت کرینگے۔ مولانا آزاد جمیل نے کہا کہ سید العالمین محمدؐ کی ولادت اس لئے ہوئی کہ وہ پیغام ربانی کو انسانیت تک پہنچائیں ۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت جبرائیل علیہ سلام کو اپنے پیارے محبوب حضرت محمدؐ کے پاس 26 ہزار مرتبہ بھیجا اور ان پر درودو سلام پیش کرکے ہی ایمان کو بچاسکتے ہیں۔