لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان فوری طور پر امارت اسلامی افغانستان کو تسلیم کرے اور اس کے لیے امریکہ اور مغربی طاقتوں کی جانب نہ دیکھے۔ جنگ سے تباہ حال ملک کی عوام کو امن اور ترقی کی ضرورت ہے۔ جن عالمی طاقتوں نے گزشتہ عرصے میں افغانستان کے امن و سکون کو برباد کیا ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی تعمیرنو کے لیے فنڈز فراہم کریں۔ افغانستان میں سپرطاقت کی پسپائی نے پوری دنیا کے مسلمانوں اور آزادی پسندوں میں ایک نئی روح پھونک دی۔ ہمیں مل کر پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ ملک کا مستقبل قرآن و سنت کے نظام کو اپنانے میں ہے۔ دینی قیادت آگے بڑھے اور عوام کو وڈیروں اور جاگیرداروں سے نجات دلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے زیر اہتمام قومی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بدترین مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ملک میں بدامنی بڑھ رہی ہے اور کرپشن کا دور دورہ ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں گزشتہ سوا تین برسوں میں ریکارڈ ا ضافہ ہوا۔ مافیاز اپنی جیبیں بھر رہے ہیں۔ حکمران بے بس اور عوام بے یارومددگار ہے۔ ایک عام شخص کے لیے آٹا، چینی، گھی اور دال خریدنا پہاڑ سر کرنے کے مترادف ہے۔ مدینہ کی ریاست بنانے کا وعدہ کیا، مگر تمام اقدامات اس کے الٹ کیے۔ پی ٹی آئی کی حکومت داخلی اور خارجی محاذوں پر مکمل ناکام ہوئی۔ حکومتی ٹیم نااہل اور غیرسنجیدہ ہے۔ اس کے بس میں نہیں کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ عوام کو مسلسل بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ تینوں جماعتیں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔
وزیراعظم جھوٹے، حکومتی ٹیم نااہل‘ ہر محاذ پر ناکام رہی: سراج الحق
Nov 03, 2021