کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی کاروبار حصص تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس ایک بار پھر47ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 14ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ۔کاروباری تیزی کے سبب 48.19فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی پیٹرولیم ،ٹیلی کام ،سیمنٹ سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 47315پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام سے قبل تکنیکی کریکشن کے سبب انڈیکس بلند سطح پر برقرار نہ رہ سکا مگر 47ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرکے بند ہوا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں 138.14پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں انڈیکس 46974.78پوائنٹس سے بڑھ کر47112.92پوائنٹس ہو گیا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 14 ارب 86 کروڑ 93 لاکھ 16 ہزار 556 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 80کھرب 63ارب88کروڑ85لاکھ70ہزار306روپے سے بڑھ کر 80 کھرب 78 ارب 75 کروڑ 78 لاکھ 86 ہزار 863 روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر361کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے174کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ171میں کمی اور16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔
اسٹاک مارکیٹ،انڈیکس47ہزار پوائنٹس کی حد سے تجاوز کر گیا
Nov 03, 2021