کراچی (اسپورٹس رپورٹر )15ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس، کراچی میں ہوا۔ اس انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ چار مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کر رہے ہیں۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بطور مہمان خصوصی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور چیمپئن شپ کے آغازکا اعلان کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے دوران 24 کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے جن میں مصر، ہانگ کانگ، کویت، امریکہ کے 15 بین الاقوامی کھلاڑی اور پاکستان کے9کھلاڑی شامل ہیں۔قبل ازیں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کموڈور کامران احمد نے اپنے افتتاحی کلمات میں حاضرین کو آگاہ کیا کہ پاک بحریہ گزشتہ دو دہائیوں سے چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد کر رہی ہے۔ حالیہ چیمپئن شپ میں کل 23 میچ کھیلے جائیں گے جن میں 4 کوارٹر فائنل، 2 سیمی فائنل اور ایک فائنل میچ شامل ہیں۔ کموڈور کامران احمد نے امید ظاہر کی کہ چیمپئن شپ بالخصوص کھیلوں اور بالعموم اسکواش کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔