لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ٹوئٹر پر بھارتی ریاست تری پورہ میں مسجد پر حملے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 10دنوں میں 17مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بھارت اقلیتوں کے لیے دنیا کا خطرناک ترین ملک بن چکا ہے۔ نریندر مودی اور آر ایس ایس کے دہشت گرد مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بھارتی مسلمانوں سے مذہبی آزادی چھیننا انسانی حقوق کا قتل عام ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہیں مکمل طور پر غیر محفوظ ہوچکی ہیں۔ جمہوریت کے دعویدار بھارت کا شرمناک چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ہم اپنے بھارتی مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان اور دیگر سکیورٹی فورسز کیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان سے دہشت گردوں اور انکے سہولتوں کار وں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔