کا بل : ملٹری ہسپتال کے گیٹ پر خود کش حملہ ، دھماکہ، 25افراد ہلاک ، 50زخمی

Nov 03, 2021

کابل/ اسلام آباد (انٹرنیشنل ڈیسک+ خصوصی نامہ نگار) کابل میں  یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کے نتیجے میں25 افراد ہلاک اور  50 افراد زخمی ہوگئے۔ نائب ترجمان امارت اسلامی بلال کریمی کے مطابق کابل میں دونوں دھماکے  سردار محمد خان داؤد ملٹری ہسپتال کے قریب ہوئے۔ چار حملہ آور ہلاک کر دیئے گئے۔ ایک کو پکڑ لیا۔  افغان میڈیا کے مطابق  ایک طالبان اہلکار نے بتایا  ملٹری ہسپتال کے دروازے کے قریب  خود کش دھماکے کے بعد داعش کے جنگجو ہسپتال میں داخل ہوگئے۔ امارت اسلامی فورسز سے جھڑپ بھی ہوئی۔ اس دوران ایک خودکش حملہ آور نے خودکو ہسپتال کے دروازے پر دھماکے سے اڑا لیا۔ رپورٹ کے مطابق سردار محمد خان داؤد ہسپتال 400 بستروں پر مشتمل افغانستان کا بڑا ملٹری ہسپتال ہے۔ اس سے قبل اس ہسپتال کو 2011 اور 2017 میں بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق شدید فائرنگ کی بھی آواز سنی۔ یہ دراصل کابل کے سابق سفارتی زون کے نزدیک علاقہ ہے۔ دس منٹ کے وقفے سے دو دھماکے ہوئے۔  دریں اثناء پاکستان نے کابل میں سردار محمد داؤد خان ہسپتال کے قریب ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے نتیجے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کیلئے ہمدردی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

مزیدخبریں