لاہور ( نیوز رپورٹر) قرآن مجید کی طباعت کیلئے پرنٹنگ پریس کے ڈیکلریشن کے اجرا پر عائد پابندی ختم کی جائے۔ یہ پابندی عمران خان کے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے عزم کے منافی اور قرآن مجید فرقان حمید کو عام کرنے کے مقدس مشن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ان خیالات کااظہار قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سرپرست اعلیٰ حفیظ البرکات شاہ ، چیئرمین سید احسن محمود شاہ اور صدر قرآن پبلشرز ایسو سی ایشن کے صدر قدرت اللہ نے کیا۔وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ اس مقصد کی خاطر حکومت نے تعلیمی اداروں میں پہلی کلاس سے پانچویں تک ناظرہ اور چھٹی سے بارہویں تک ترجمہ قرآن مجید بطور لازمی مضمون قراردے دیا ہے۔جبکہ قرآن مجید کی طباعت کاکام کرنے والے لاہور میں گنے چنے پریس ہیں جن کے لئے اتنی بڑی ڈیمانڈ کو پوراکرنا ممکن نہیں ہے۔یہ ڈیمانڈ اس وقت ہی پوری ہو سکے گی جب پرنٹنگ پریسوں کو قرآن مجید اور سیپاروں کی طباعت کی اجازت ہو۔اسی طرح قرآن مجید کی طباعت کے لئے ڈیوٹی فری امپورٹڈ پیپرمنگوانے اور ناشران قرآن کے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے لئے بھی ڈیکلریشن کا ہونا ضروری ہے۔ لہذا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل ، ڈپٹی کمشنرمحمد عمر شیر ، پنجاب قرآن بورڈ کے چئیرمین صاحبزادہ حامد رضا اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے گزارش ہے کہ پرنٹنگ پریسوں کو قرآن مجید کی طباعت کے ڈیکلریشن جاری کئے جائیں تاکہ قرآن مجید کی طباعت کے لئے نئے پریس لگائے جاسکیں۔