لاہور (سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ پنجاب ملک کی فوڈ باسکٹ ہے اور گندم پاکستان کی سٹریٹیجک کراپ ہے جس میں خود کفالت سے زرعی خود کفالت کی منزل حاصل ہوگی۔ان خیالات کا اظہارکبیروالا میں فصلات ربیع 2021-22 کیلئے منعقدہ کسان کنونشن کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ امسال بہتر پیداوار کے حصول کیلئے کاشتکاروں کی ہرممکن رہنمائی اور مدد فراہم کی جارہی ہے۔ موجودہ حکومت کسان دوست ہے اور وزیر اعلیٰ کی زیر قیادت کسانوں کی بہتری اور زراعت کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔گزشتہ برس کاشتکاروں کو اپنی اجناس کی بہتر قیمتیں ملیں، امسال بھی کاشتکاروں کو گندم کی بہتر قیمت دلوائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے ذریعے کاشتکاروں کوگندم کی منظور شدہ اقسام کے تصدیق بیج و دیگرزرعی مداخل پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی دینے کیلئے پورے صوبہ میں کسان کنونشن منعقد کیے جارہے ہیں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کا حصول ممکن ہوسکے۔
پنجاب ملک کی فوڈ باسکٹ ، گندم سٹریٹیجک کراپ ہے : حسین جہانیاں
Nov 03, 2021