لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے نیب آرڈیننس میں تیسری ترمیم کے ذریعے خود کو اور اپنی حکومت کو این آر او دیا ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ اگر اس بارے میں کوئی شک تھا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے اپوزیشن کو نشانہ بنانے کیلئے کس طرح کام کیا ہے تو یہ ترمیم اس شیطانی ذہنیت کا واضح مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتساب کی آڑ میں سراسر سیاسی انتقام ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیر کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام کی خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے لئے جدوجہد تاریخ کا سنہری باب ہے۔ کشمیریوں نے نسل درنسل اپنی آزادی کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں اور آرزوؤں کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے منصفانہ حل تک پاکستان ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ شہباز شریف سے پی ڈی ایم کے رہنما شاہ اویس نورانی نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو پی ڈی ایم سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔ عوام مہنگائی سے پس چکے ہیں، پی ڈی ایم عوام کے حق کی آواز پوری قوت سے سامنے لائے گی۔ حکومت اپنی نااہلی اور کرپشن کے ہاتھوں بے بس ہے۔ شہبازشریف نے شاہ اویس نورانی کی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کاوشوں کو سراہا۔
تر میمی نیب آرڈ نینس ، احتساب کی آڑ میں سیاسی انتقا م: شہباز شر یف
Nov 03, 2021