لاہور (سپورٹس ڈیسک )ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف بدترین شکست کو بھارتی فاسٹ بائولر جسپریت بمراہ نے کھلاڑیوں کی تھکن سے منسوب کردیا۔جسپریت بمراہ نے آئی پی ایل سمیت بھارتی کھلاڑیوں کے گزشتہ 6 ماہ سے کیے جانے والے دوروں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بھارتی ٹیم بائیو سکیور ببل کی تھکاوٹ کا شکار ہے اور کھلاڑی گزشتہ 6 ماہ سے کیے جانے والے دوروں کے سبب بھی تھکن سے متاثر ہیں۔بھارتی ٹیم اپریل میں انڈین پریمیئر لیگ شروع ہونے سے قبل سفر کررہی ہے، ٹیم نے کرونا وائرس کے پیش نظر ملتوی ہونے والے آئی پی ایل کے دوبارہ ری شیڈول ہونے کے بعد ستمبر میں متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا، اس سے قبل ٹیسٹ ٹیم انگلینڈ کا بھی دورہ کرچکی ہے۔جسپریت بمراہ کا کہنا تھا کہ آپ کو واقعی بریک کی ضرورت ہوتی ہے، جب آپ 6 ماہ سے سفر کررہے ہوں تو آپ کو اپنی فیملی کی یاد بھی ستاتی ہے۔ جب آپ کھیل کے لیے میدان میں جاتے ہیں تو آپ ان سب چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتے لیکن درحقیقت اتنے عرصے تک اپنی فیملی سے دور رہنا اور ببل میں رہنا معنی رکھتا ہے۔ ہمیں بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک آرام دہ ماحول فراہم کرنے کی پوری کوشش کی، ہم جانتے ہیں کہ یہ مشکل وقت ہے اور ہم اس سے لڑنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود تھکن ہوجاتی ہے۔