کراچی (نیوز رپورٹر) امت واحدہ پاکستان کے سربراہ مولانا محمد امین شہیدی نے کہا کہ اعمال میں نبی کریم ﷺکی اتباع شرط اول ہے اور اس اتباع میں نیتوں کا اخلاص شرط اول ہے۔جس دن ہمارے اندر یہ اخلاص پیداہوکہ ہم ایک دری بھی بچھائے تواللہ کی رضا اور نبی کریمؐ کی اتباع میں ہوتوہماراکردار اس سانچے میں ڈھل جائے گا جس کو ہم اسوہ رسول ؐکہتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے رسول اکرم ؐ کو ہم سب کے لئے اسوہ بنادیا ہے۔اسوہ حسنہ کو سامنے رکھ اس سانچے میں اپنے آپ کو ڈھالنے کی ضرورت ہے۔مغرب کی چکاچوند اور ظاہری ترقی کو دیکھ ہمیشہ مسلمانوں پر طنز کیا جاتاہے ،مسلمان اور ہے ،اسلام اورہے ہمیں اس فرق کو ہمیشہ مد نظررکھنا چاہیئے ،ضروری نہیں کہ کوئی شخص مسلمان ہو تواس کے اندر اسلام بھی ہو ۔اسلام ان اقدار اور ویلیوز کا نام ہے اگر وہ ویلیوز کسی فرد کے اندرپیداہوجائیں تو پھر حقیقی معنوں میں وہ مسلمان ہے ،اگر وہ ویلیوز پیدانہ ہو تومسلمان گھرانے میں پیداہونے کی وجہ سے اس کو مسلمان تو کہا جائے گا لیکن اس کے اندر اسلام تو نہیں آئے گا،کیونکہ اسلام ان ویلیوز اور ان اقدار کا نام ہے ،اس لئے ان اقدار کو جو بھی قومیں اپنائیں گی جن میں سب سے پہلی چیز معاشرے کے اندر انصاف اور عدل کی حکمرانی اور ظلم کا خاتمہ ہے جو انسان کی اجتماعی زندگی کی سب سے بڑی اور گہری ضرورت ہے ۔انسانی معاشرے کے اندرعدل اور انصاف کا قیام اور اس انصاف کے قیام کا آغازحکومتوں سے نہیں بلکہ آپ کی اپنی ذاتی زندگی سے ہوتاہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے دفتر مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام پارکنگ گرائونڈ بالمقابل آرٹس لابی جامعہ کراچی میں منعقد ہ ’’یوم مصطفی ﷺ ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی ،مولانا منظر الحق تھانوی ،مولانا باقر عباس زیدی ،نعت ناصر عزیز،سید شادمان اور جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اورطلباوطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
مولانا امین شہیدی
اعمال میں نبی کریمؐ کی اتباع شرط اول‘مولانا امین شہیدی
Nov 03, 2021