لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ تمام کام جن سے اللہ رسول نے منع فرمایا ہے وہ کسی صورت بھی ملک و ملت کیلئے فائدہ مند ثابت نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شرک اللہ رسول سے بغاوت اور سود اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرنے کے مترادف ہے جب تک پاکستان کو ان بڑی بڑی برائیوں سے پاک نہیں کیا جاتا ہماری سیاست ، معیشت اور اخلاقی حالت کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ وہ گزشتہ روز اسلامی جمہوری اتحاد پنجاب کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد توحید گرین ٹاؤن لاہور میں عظیم الشان عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے علاوہ کانفرنس سے مولانا عبدالستار نیازی اور مولانا شاہ محمد نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے شرک، سود، کرپشن، بے عدلی، بے انصافی، جھوٹ اور بددیانتی کو بالکل حرام قرار دیا ہے۔ ہمارے حکمرانوں، سیاستدانوں اور مقتدر حلقوں کا فرض ہے کہ وہ ان برائیوں کو مٹانے میں اور سیرت مصطفیٰؐ کو پھیلانے میں اور حضورؐ کے عمدہ اخلاق قوم میں پیدا کرنے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ ملک اور قوم کی اس سے بہتر خدمت اور کوئی نہیں ہو سکتی۔