اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں ا ور افسران کی ترقیوں سے متعلق کیس واپس بھجواتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئی جی پنجاب پولیس قوانین کے مطابق ترقیوں کے عمل کا جائزہ لیں۔ سپریم کورٹ میں پنجاب پولیس کے افسران واہکاروں کی پچھلی تاریخوں سے ترقیوں کے خلاف کیس کی سماعت جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت درخواستگزاران کے وکیل نے نے موقف اختیار کیا کہ ملازمین کو گزشتہ تاریخوں سے ترقی نہیں دی جا سکتی۔ پنجاب پولیس کے افسر ڈی آئی جی کامران عادل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ گزشتہ ادوارمیں کی گئی ترقیوں میں کوتاہیاں ہیں قوانین کے مطابق انکا جائزہ لیا جانا چا ہئے کوشش کی جا رہی ہے کہ آئندہ ہونے والی ترقیاں قانون کے مطابق ہوں ۔ جس پر عدالت نے ڈی آئی جی کامران عادل کے موقف کو سراہا۔