اسلام آباد(نا مہ نگار) سلیمان خیل قبائل موومنٹ(ایس کیو ایم)کے سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر اسداللہ حقانی نے مطالبہ کیا ہے کہ سلیمان خیل قبائل سے تعلق رکھنے والے خاندان کے صوبہ سندھ کے علاقے کشمور سے اغواء ہو نے والے معصوم سرفراز ولد شالی خان بچے کو فوری طور پر بازیاب کر ایا جائے،بچے کی بازیابی کے لیے زبانی وعدوں کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ورنہ ملک بھر میں سلیمان خیل احتجاج کریں گے۔ اپنے بیان میں اسداللہ حقانی نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ،ہوم سیکرٹری سندھ اور آئی سند ھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سلیمان خیل قبائل سے تعلق رکھنے والے خاندان کے صوبہ سندھ کے علاقے کشمور سے اغواء ہو نے والے معصوم سرفراز ولد شالی خان بچے کو فوری طور پر بازیاب کر ایا جائے اور اغواء کاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ،مولانا ڈاکٹر اسداللہ حقانی نے کہا کہ میں نے اس حوالے سے چیف سیکرٹری سندھ سعید احمد منگیچو،آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی لاڑکانہ مظفر نواز شیخ سے بھی بات کی ہے تاہم ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی انہوں نے کہا کہ بچے کو اغواء ہوئے 8دن ہو چکے ہیں اس کے لواحقین شدید پریشانی اور کرب میں مبتلا ہیں اور مقامی انتظامیہ ان کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ہے ۔