کراچی ( نیو زرپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی اور وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بلاتفریق عوامی خدمت کررہی ہے اور شہر بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔کراچی کے شہریوں کو موثر انداز میں سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی کو ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے ۔شہری جلد ایک بدلتا ہوا شہر دیکھیں گے جو ایک مرتبہ پھر روشنیوں سے منور ہوگا ۔ان خیالات کا ظہار انہوںنے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا اچانک دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزرا کے ہمراہ سیکرٹری بلدیات نجم شاہ، پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے کنونئیر آصف خان و دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزرا نے بلوچ کالونی ایکسپریس وے، شہید ملت روڈ، ٹیپو سلطان روڈ سمیت دیگر علاقوں کابھی دورہ کیا۔ایک مقام پر جاری کام میں کوالٹی پر عدم اطمینان پر صوبائی وزرا نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔سید ناصر حسین شاہ نے فوری طور پر مذکورہ کنٹریکٹر کو بلیک لسٹ کرنے اور اس کام پر نئے کنٹریکٹر کے ذریعے کام کروانے کی ہدایات جاری کردی۔صوبائی وزراء نے کہا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ کسی صورت نہیں کیا جائے گا۔ جو کنٹریکٹر معیار اور کوالٹی پر پورا نہیں اترے گا اس کا نہ صرف کنٹریکٹ ختم کردیا جائے گا بلکہ اس کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ صوبائی وزرا نے جاری کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔صوبائی وزراء اپنے دوررے کے دوران جوہر چورنگی پہنچے اور وہاں جاری پل اور انڈرپاس کے کام کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے اس میگا پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس پراجیکٹ کے مکمل ہونے سے گلستان جوہر اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوجائیں گے۔ وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت بلاتفریق عوامی خدمت کررہی ہے اور شہر بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ کراچی کے شہریوں کو موثر انداز میں سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔کوشش کی جائے کہ اس منصوبے میں شامل پل کے منصوبے کو 6 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کے قائدین نے کراچی کو بدلنے کا عزم کیا ہوا ہے اور شہری اب اس تبدیلی کو محسوس بھی کررہے ہیں ۔کراچی کے تمام اضلاع میںبلا تفریق ریکارڈ ترقیاتی کام کروارہے ہیں ۔چیئرمین پیپلزپارٹی اس حوالے سے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اپنی خدمات کی بنیاد پر پیپلزپارٹی سرپرائز دے گی اور شہر کا آئندہ میئر جیالا ہوگا ۔
جگہ جگہ ترقیاتی کام ، کراچی ایک بار پھر روشنیوں سے منور ہو گا
Nov 03, 2022