لاہور(کامرس رپورٹر )کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی عالمی منڈیوں کی تلاش ،وہاںکے رجحانات اور ان تک رسائی کے مواقع پیدا کرے ،پاکستانی سفارتخانوں میں فرائض سر انجام دینے والے کمرشل اتاشیوں کو اس حوالے سے ٹاسک سونپا جائے ،حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر توجہ دے اوراس کیلئے پرائیویٹ پبلک سیکٹر کا جوائنٹ ونچر کیا جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے ایک بیان میںکیا۔ انہوںنے کہا کہ برآمدات کوبڑھانے کیلئے فہرست میں اضافہ ناگزیر ہے لیکن ایسا نہیںہوناچاہئے کہ پاکستان جو مصنوعات دہائیوں سے برآمدکررہا ہے انہیں کسی طرح کی سہولیات اورمراعات نہ دی جائیں۔
ماضی میں پاکستان کے ہاتھ بنے قالینوں کی برآمدات سے سالانہ کئی ملین ڈالرز کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوتا تھا لیکن اب حکومت کی عدم توجہگی کی وجہ سے برآمدات سکڑ کر انتہائی نیچے آ چکی ہیں۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس کی وجوہات جاننے کیلئے ہمارے ساتھ بیٹھے اور جہاں اس صنعت کو معاونت کی ضرورت ہے اس کی مدد کی جائے۔