فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے پنجاب کے دو ہسپتالوں میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد کے کینسر کے مریضوں کو بھی اس جدید ٹیکنالوجی کا تحفہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں افغانستان تک کے مریض آتے ہیں۔ مگر اسے حکومتی سطح پر وہ ترجیح نہیں دی جاتی جو دوسرے کم آبادی والے شہروں کے ہسپتالوں کو دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شہر ہونے کی وجہ سے یہاں کینسر کی شرح بہت زیادہ ہے ۔
جبکہ اردگرد کے اضلاع کے علاوہ خیبر پختونخواہ اور افغانستان تک کے لوگ بھی اس ہسپتال سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کینسر سرجری کے شعبہ پر اتنا دبائو ہے کہ انتہائی تکلیف میں مبتلا غریب مریضوں کو بھی تین تین ماہ انتظار کا کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کو تیز کرنے کیلئے یہاں سائبر نائف کے ساتھ ساتھ روبوٹک سرجری بھی فوری طور پر شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کم مدت میں زیادہ سے زیادہ لوگوںکو سرجری کی سہولت مہیا کی جا سکے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ لاہور اور ملتان کے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں بھی سائبر نائف کی سہولت مہیا کرنے کا اعلان کریں گے۔ انہوںنے فیصل آباد میں کارڈیالوجی سنٹر کے قیام کو پرویز الٰہی کا ناقابل فراموش کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ وہ مریضوں کے بے تحاشا رش کی وجہ سے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں توسیع کیلئے بھی فوری طور فنڈ مہیا کریں گے۔
صدر فیصل آبادچیمبر کا دو ہسپتالوں میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا خیر مقدم
Nov 03, 2022