پاکستان میں9 میں سے 1 خاتون بریسٹ کینسر کا شکارہے، ڈاکٹر ظفر علی


 اسلام آباد(خبرنگار خصوصی) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے بریسٹ کینسر اور دماغی صحت کے موضوع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس سیمینار میں چار اہم مسائل کو زیر غور لایا گیا جن میں  دماغی صحت، چھاتی کا کینسر، منشیات کے استعمال اور کردار سازی شامل تھے، ڈاکٹر ظفر علی چوہدری، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یونیورسٹیوں کے ما بین تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ چھاتی کے کینسر کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال 2.1 ملین افراد بریسٹ کینسر سے متاثر ہوتے ہیں اور پاکستان میں ہر 9 میں سے 1 خاتون بریسٹ کینسر کا شکار ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے حاضرین کو چھاتی کے کینسر کی علامات اور اس کو روکنے کے طریقوں سے روشناس کرایا۔ کردار سازی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے گریجویٹس کی کردار سازی وقت کی اشد ضرورت ہے۔ روحانی تندرستی جسمانی تندرستی کی طرح ضروری ہے اور ہمیں بامقصد زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ اپنے کردار کو مضبوط بنانا چاہئے۔ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگرنے ذہنی صحت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمیں زیادہ ماہرین نفسیات کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر طوبی نے منشیات  کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا حکومت کی جانب سے منشیات کی سپلائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال، وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی، نے افراد کی سماجی صلاحیتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ای پیپر دی نیشن