حضرو( نمائندہ نوائے وقت)سابق چیئرمین نزاکت خان،مولانا مسعود اختر ضیائ،نصیر خان جد ون ،حاجی عارف حسین نے کالج میں اساتذہ کی کمی اور طلباء کو درپیش مسائل کے ایشو پر پروفیسر نثار احمد، پروفیسر صفدر خان،پروفیسر ملک محمد اعظم خالد، پروفیسر محمد ثاقب سے خصوصی ملاقاتیں کیں اور کالج ہذا کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان اساتذہ سے گزارش کی کہ آپ اپنی مصروفیات سے اضافی وقت نکال کر کالج کے طلباء کو تعلیمی نقصان سے بچانے کے لئے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کریں۔اس سلسلہ میں آج پرنسپل افس میں پرنسپل پروفیسر شبیر احمد کی موجودگی میں مذکورہ افراد کی اہم مشاورتی میٹنگ ہوئی۔اس موقع پر باہمی مشاورت اور غور و فکر کے بعد طے ہوا کہ پروفیسر نثار احمد ، پروفیسر صفدرخان، پروفیسر محمد ثاقب، پروفیسر اعظم خالد،سابق لیکچرر مولانا مسعود اختر ضیاء اپنی مصروفیات سے اضافی وقت نکال کر حضرو کالج میں روزانہ کلاسز لیں گے۔اس اجلاس میں نزاکت خان نے رضا کارانہ خدمات انجام دینے کی آمادگی پر مذکورہ اساتذہ کرام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔کالج پرنسپل پروفیسر شبیر احمد نے بھی شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پرسوں بروز جمعرات سے ان اساتذہ کی کلاسز لینے سے طلباء کے مسائل میں کافی حد تک کمی ممکن ہے۔