لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی ڈینگی مانیٹرنگ کمیٹی نے ہائی رسک اضلاع میں فرائض سے غفلت برتنے والے ڈینگی ورکرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب)، محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز ڈینگی کے اعداد وشمارمیں ہم آہنگی کیلئے رابطہء کار بڑھائیں اور مانیٹرنگ، سرویلنس اور رپورٹنگ کے نظام میں پائی جانیوالی خامیاں دور کی جائیں۔ انہوں نے ڈینگی کی صورتحا ل کے پیش نظرلاہور، ملتان، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں انتظامیہ کو الرٹ رہنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل نے ڈینگی اور سموگ کی مانیٹرنگ کے حوالے سے اسپیشل برانچ کو ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دو ہفتے صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی محکمہ صحت کیساتھ روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا شیئرنگ کرے۔سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
فرائض میں غفلت برتنے والے ڈینگی ورکرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
Nov 03, 2022