گلگت بلتستان بھٹو ازم کے رکھوالوں کی دھرتی ہے، حقوق کا تحفظ کریں گے: بلاول 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر جمیل احمد نے ملاقات کی۔ سیاسی اور انتظامی صورت حال اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ گلگت بلتستان کی حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود ہم سے مشاورت نہیں کی جا رہی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل نے انتخابی حلقے جی بی ایل اے 2 میں پی پی پی کے حق میں فیصلہ دیا، جسے بعد میں بدل دیا گیا، انتخابی حلقہ جی بی ایل اے 2 میں ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے پی پی پی کو ہرایا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی حلقہ جی بی ایل اے 2 کی نشست واپس لینے کیلئے ہم ہر ممکن اقدام کریں گے چاہے ہمیں عدالت جانا پڑے یا عوام کے پاس۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان بھٹو ازم کے رکھوالوں کی دھرتی ہے، ہم یہاں کے ایک ایک فرد کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ دریں اثناءچیئرمین بلاول بھٹو سے سابق رکن قومی اسمبلی میر غلام علی تالپور نے ملاقات کی۔ بدین سمیت سندھ بھر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن