نواب شاہ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے سکرنڈ اور قاضی احمد سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنان اور معززین سے ملاقات کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ غلام قادر چانڈیو، غلام مصطفیٰ شاہ، آفتاب انڑ، غلام شاہ لغاری، طارق آرائیں، ناصر شاہ، علی حسن زرداری، منور وسان، عاشق زرداری و دیگر بھی موجود تھے۔ آصف علی زرداری نے سکرنڈ اور قاضی احمد سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور زعماء سے سیاسی حکمت عملی اور انتخابی مہم کے حوالے سے تجاویز کو سنا۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انشاءاللہ ملک میں اگلی حکومت بنائے گی، پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ہر دور میں چیلنجز کو قبول کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن ملک میں عوامی حکومت کے قیام کے لئے پر عزم ہے۔ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا آئندہ ہفتے لاہور پہنچنے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنما پنجاب اور لاہور کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور 30نومبر کو پیپلز پارٹی کے لاہور میں جلسے کا بھی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
جیالوں نے ہر دور میں چیلنجز قبول کئے، پیپلز پارٹی اگلی حکومت بنائے گی: زرداری
Nov 03, 2023