اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +این این آئی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات اور نقصانات سے نمٹنے کےلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنا ہوگا، کرہ ارض موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے دوچار ہے، حکومت یا کوئی محکمہ تنہا اس خطرے سے نہیں نمٹ سکتا، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہمیں سٹریٹجک وڑن کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ”پری کوپ۔28 “ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرہ ارض کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، اس مسئلے کی اہمیت پورے معاشرے کو تسلیم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لئے شجرکاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا، اس ضمن میں معاشرے میں سوچ تبدیل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بچوں میں شعور اجاگر کرنا ہوگا، اس ضمن میں مائیں اور اساتذہ اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، ہم اپنے کلچر میں موسمیاتی تبدیلی کی اہمیت کو اجاگر کر کے ہی اس کے خطرات سے نمٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہم پاکستان ٹیلی ویڑن میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سپیشل ڈیسک کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔
آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنا ہو گا، موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت: وزیر اطلاعات
Nov 03, 2023