لاہور(نیوز رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں فالج کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سمپوزیم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم، پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر و دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں فالج سے بچاو¿ بارے آگاہی پھیلانا بہت اہم ہو چکا ہے۔ انسان فالج کا شکار کسی بھی عمر کے حصے میں ہو سکتا ہے۔ فالج دماغ میں خون کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ بلڈ پریشر، کولیسٹرول، ذیابیطس کا قابو میں نہ رہنا، سگریٹ نوشی اور وزن کا بڑھنا فالج کا سبب بن سکتے ہیں۔ ہمیں ایک صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند طرز زندگی اپنانا ہوگا۔