پہلے 4 مہینوں کے تجارتی خسارے میں 34.70 فیصد کی نمایاں کمی :کاشف انور

لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تجارتی خسارے میں نمایاں کمی کو معیشت کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ مالی سال 2023-24 کے پہلے چار مہینوں کے تجارتی خسارے میں 34.70 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اس سے دنیا کو ایک اچھا پیغام جائے گا کیونکہ یہ کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی کو ماپنے کا ایک آلہ ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت پاکستان کے معاشی منظرنامے پر بہت اچھے اثرات مرتب کرے گی اور ملک کی اقتصادی ترقی و استحکام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی سازوں کو نجی شعبہ کے ساتھ مل کر برآمدات میں اضافے کے لیے کوئی ایسا طریقہ کار تلاش کرنا چاہیے جو تجارتی خسارہ کم کرنے میں مددگار ثابت ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت کو گیس اور بجلی کے نرخوں کو معقول بنا کر کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنا ہو گا۔ائیڈل وسائل کے ذریعے بجلی کی پیداوار ہی سستی بجلی پیدا کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن