قومی کرکٹرز کی بنگلورو میں پریکٹس، نیوزی لینڈ سے مقابلہ کل

لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کی تیاری کیلئے قومی کرکٹرز نے گزشتہ روز بنگلورو میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔ کھلاڑیوںنے کوچز کی زیر نگرانی باﺅلنگ ‘بیٹنگ ‘فیلڈنگ کی پریکٹس کے ساتھ ساتھ فزیکل فٹنس پر بھی زور دیا ۔ میچ کل صبح دس بجے شروع ہوگا۔ گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے باقی دونوں میچز جیتنا ضروری اور دوسری ٹیموں کے نتائج پر منحصر ہونے کےساتھ ساتھ رن ریٹ بھی دیکھنا ہوگا۔فاسٹ باﺅلر محمد وسیم جونیئرنے ورلڈ کپ میں نسیم شاہ کی کمی کے احساس کے ساتھ بتایا ہے کہ نسیم شاہ نے ٹیم سے باہر رہتے ہوئے بھی کس طرح بنگلہ دیش کےخلاف ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ میں نے نسیم شاہ کے مشورے پر باﺅلنگ کی جس سے نہ صرف مجھے بلکہ ٹیم کو فائدہ ہوا، نسیم شاہ نے جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کےخلاف میچ سے قبل ٹپس دیے تھے کہ ان وکٹوں پر کیسی باﺅلنگ کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کے مفید مشورے سے فائدہ ہوا، ایونٹ میں نسیم شاہ کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے اور ان کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔ پاکستان ٹیم کو جس جیت کی ضرورت تھی وہ مل گئی ہے، ٹیم ایفرٹ کی وجہ سے بنگلہ دیش کےخلاف کامیابی ملی۔ شاہین آفریدی نے نئی بال سے اچھی باﺅلنگ کی، شاہین کی عمدہ باﺅلنگ کی وجہ سے بعد میں ان کیلئے وکٹ لینا آسان ہوگیا، پارٹنرشپ میں باﺅلنگ کر رہے ہیں کامبی نیشن اچھا بن گیا ہے۔ مختلف کنڈیشنز میں باﺅلنگ کرکے اچھا تجربہ مل رہا ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف اچھے مارجن سے جیتنے کی کوشش کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن