اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار خصوصی) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں امن کے قیام کیلئے ذمہ داری پوری کرے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ اسرائیل کی قابض افواج فلسطین میں جنگی جرائم کر رہی ہیں، پاکستان کو فلسطین کی صورتحال پر تشویش ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ روز سینیٹ اجلاس میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف قرارداد منظور کی گئی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل امن کے قیام کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ 8 سے 9 نومبر کو تاشقند میں ہونیوالی ای سی او سمٹ میں شرک کریں گے۔ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا ہے کہ ان غیر ملکیوں کو واپس بھجوایا جارہا ہے جو ایمیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، تیسرے ملک منتقل ہونے والے افغان مہاجرین کے معاملے پر متعلقہ ممالک سے بات چیت جاری ہے، ایسے ممالک کی تعداد درجن بھر ہے، ان ممالک کی جانب سے فہرستیں پاکستان کو بھجوائی گئی ہیں۔