اسلام آباد (خبرنگار)چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے برونائی دارالسلام کے ہائی کمشنر پی جی کمال باشاہ پی جی احمد نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔چیئرمین سینیٹ نے بطور ہائی کمشنر تعیناتی پر انہیں مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے کہاکہ امید ہے اب پاکستان اور برونائی کے تعلقات مزید بہتر ہونگے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور برونائی دارالسلام کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں باہمی تعاون پر قائم ہیں۔ملاقات میں تجارت، کاروبار، سرمایہ کاری اور اقتصادی شعبوں سمیت دو طرفہ روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور امید ہے کہ برونائی دارالسلام کے سرمایہ کار پاکستان میں توانائی، زراعت، تعلیم اوردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر غور کریں گے۔ انہوں نے قلیل آبی وسائل کے موثر استعمال اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے پیداواری صلاحیت بڑھانے کےلئے زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان اور برونائی دارسلام کے سکینڈ پولیٹیکل سیکرٹری مسٹر خیرالرجل حازم بھی موجود تھے۔
پاکستان اور برونائی دارالسلام کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات ہیں ،صادق سنجرانی
Nov 03, 2023