لاہور جمعةالمبارک کے دن پنجاب بھر میں مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر کی مساجد، امام بارگاہوں، اہم مقامات، کاروباری مراکز کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز مساجد امام بارگاہوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی بڑھا دیں،موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پولیس انتہائی چوکس رہے، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں۔آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس، تھانوں کی ٹیمیں عبادت گاہوں،اہم مقامات کے اطراف میں موثر پٹرولنگ کریں،تمام داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد، گاڑیوں کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے،سرچ اینڈ سویپ آپریشنز سے جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار ملک دشمن و شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں،بلند مقامات پر تعینات سنائپرز اطراف کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔