امریکی قونصل جنرل مس کرسٹن کے ہاکنز نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے۔ جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل مس کرسٹن کے ہاکنز(Ms. Kirstin K. Hawkins) نے ملاقات کی ہے۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں خصوصا سموگ سے نمٹنے کے لئے اشتراک کارکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع، زراعت، سیاحت، تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے لئے بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر اسٹیٹس قرار دینے کے معاہدے کے تحت دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے امریکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ سموگ سے نمٹنے کے لئے دوست ملکوں کی تکنیکی معاونت چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک میں فصلوں کی باقیات کوبڑے پیمانے پر جلانے کے سبب لاہور اور دیگر شہروں میں سموگ میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب میں سموگ کو آفت قرار دے کر سموگ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ تمام سکولوں میں طلبا وطالبات کی صحت کے لئے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جو کچھ انسانی بس میں ہے سموگ میں کمی کے لئے ہر وہ اقدام اٹھایا جارہا ہے۔ اس موقع پر امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ صوبائی وزیراطلاعات وثقافت عامر میر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کے گھر پہنچیں اور جہانگیر ترین سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں سینئر رہنما استحکام پاکستان پارٹی اسحاق خان خاکوانی اور عون چوہدری بھی موجود تھے۔
امریکی قونصل جنرل کی وزیراعلیٰ پنجاب اور جہانگیرترین سے ملاقاتیں
Nov 03, 2023 | 14:47