لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سابق ایم این اے مہر اشتیاق کے ہمراہ ٹی ایچ کیو ہسپتال سبزہ زار کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے سبزہ زار کے علاقے میں مختلف گھروں میں جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔خواجہ عمران نذیر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں مددگار، ڈینگی، پولیو کے کاونٹرز گئے۔ ڈینگی وارڈ میں داخل مریض بچوں کے لواحقین سے علاج معالجہ کا پوچھا۔خواجہ عمران نذیر نے مریضوں سے مفت ادویات کی فراہمی سے متعلق دریافت کیا جس پر تمام مریضوں، لواحقین کا مفت ادویات، ٹیسٹوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر صحت نے ایمرجنسی، فلٹر کلینک، این سی ڈی، ایکسرے روم، ڈینٹل یونٹ، آرتھو پیڈک یونٹ میں جاکر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شعیب سے ڈاکٹرز کی قلت، دیگر مسائل پر تفصیلی پلان طلب کرلیا۔ ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات، ٹیسٹوں کی سہولیات میری اولین ترجیح ہے۔ ہسپتالوں میں پہلے وسائل کی فراہمی، پھر احتساب کا عمل ہوگا۔ ہسپتالوں کے حالات میں بہتری لانے کیلئے ایک مؤثر سسٹم لایا جارہا ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا ریکارڈ ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے۔ تحصیل و ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین، ایم آر آئی ٹیسٹ کی مفت فراہمی کیلئے جلد ڈیجیٹل سسٹم نافذ کیا جارہا ہے۔