سپیشل ایجوکیشن کے اساتذہ کی ٹریننگ کیلئے تربیتی سیشن کرائے جائیں:ثانیہ عاشق  

لاہور( نیوز رپورٹر)وزیر اعلیٰ  مریم نواز کے سپیشل بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولیات دینے کے ویژن کے مطابق وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے سپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق جبین نے چارج سنبھالتے ہی پہلا دورہ ملتان کا کیا۔معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے خصوصی بچوں کے تعلیمی ادارے میں بچوں کی عدم موجودگی پر برہمی کااظہار کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن ملتان اور ڈی او سپیشل ایجوکیشن ملتان کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ثانیہ عاشق نے کہاکہ ڈرائیور کی عدم موجودگی کی وجہ سے بچوں کی سکول سے 4 دن سے غیر حاضری ناقابل برداشت ہے۔ معاون خصوصی ثانیہ عاشق کو ملتان میں سپیشل ایجوکیشن سینٹرز کے امور سے متعلق خصوصی اجلاس میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے سپیشل ایجوکیشن سنٹرز میں بہتری کے لئے الٹی میٹم دے دیا۔معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ پنجاب نے سپیشل ایجوکیشن سکولز میں سہولیات بہتر کرنے کا حکم دیا۔72 ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر اسپیشل ایجوکیشن کے سنٹرز آف ایکسی لینس کی تکمیل دسمبر تک یقینی بنانے اور سپیشل ایجوکیشن سکولزکی بسوں کو آن روڈ کرنے کے لئے ڈرائیورز کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ثانیہ عاشق نے کہاکہ سکولوں میں سپیشل بچوں کیلئے سائیکالوجسٹ، ماہر سپیشل ایجوکیشن پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے۔سپیشل ایجوکیشن کے اساتذہ کی ٹریننگ اور کونسلنگ کیلئے بھی مکمل تربیتی سیشن کرائے جائیں۔ سپیشل بچوں کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ترجیح ہے۔

ای پیپر دی نیشن