لاہور (نمائندہ خصوصی) قومی زبان تحریک کے بانی و مرکزی صدر ڈاکٹر شریف نظامی نے کہا ہے کہ آئین کی شق 251 کے مطابق اردو پاکستان کی قومی زبان ہے اور اردو کے بطور سرکاری زبان نفاذ کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلے بھی موجود ہیں۔ اس سب کے باوجود چند روز پہلے نئے چیف جسٹس کا انگریزی زبان میں حلف اٹھانا قومی زبان سے محبت کرنے والوں کے لیے تشویش کا باعث بنا ہے۔ آئین کی حکمرانی اور عدالتوں کے احترام کا تقاضا یہ ہے کہ چیف جسٹس سمیت تمام عہدوں کے حلف اردو میں لیے جائیں۔ ڈاکٹر شریف نظامی نے مطالبہ کیا کہ ائین کی پاسداری کرتے ہوئے اردو کو پورے ملک میں ہر سطح پر نافذ کیا جائے۔
چیف جسٹس سمیت تمام عہدوں کے حلف اردو میں لیے جائیں: شریف نظامی
Nov 03, 2024