لاہور ( نیو زرپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنما ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے لاہور میں سموگ کی وجہ سے پھیلتی بیماریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سموگ پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ 18 کروڑ روپے سموگ پر قابو پانے کے لیے جو خرچ کیے جانے تھے، حکومتی عہدیداروں کو نوازنے کے لیے 10 ویگو ڈالے خرید لیے گئے ہیں۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا پہلا نمبر ہونا صوبائی حکومت کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ اس وقت پوری دنیا سموگ سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے آب و ہوا کو بہتر کررہی ہے جبکہ یہاں ماحول پر حکومت اور انتظامیہ کی توجہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دوست ممالک سے اس حوالے سے رہنمائی طلب کی جائے اور لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کو معیاری بنانے کے لیے سموگ فری ٹاور اور ایئر پیوری فائر ٹاور لگائے جائیں۔ اس موقع پر چوہدری معاذ اشتیاق، عمر فاروق گجر، حافظ نوید، عمر عبدالعزیز اور یاسین احمد سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ جنرل سیکرٹری لاہور ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے لگایا گیا گرین لاک ڈاؤن بے سود ثابت ہوا ہے۔ پنجاب حکومت نت نئے تجربات کرنے اور شہریوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگانے سے گریز کرے۔