قطر کا تین ارب ڈالر کی  سرمایہ کاری کا عندیہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطری تاجروں کو پاکستانی معیشت کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ وزیر اعظم سے شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی سربراہی میں قطر بزنس مین ایسوسی ایشن (کیو بی اے) کے وفد نے دوحہ میں ملاقات کی  جس میں اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں قطر کی سرکردہ کاروباری شخصیات کے علاوہ معیشت کے بااثر شعبوں کے نمائندگان بھی شامل تھے۔وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ قطر پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب و قطر کامیابی سے ہمکنار ہوا۔سعودی عرب پاکستان میں کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔اس حوالے سے کئی معاہدوں پر اور یاداشتوں پر دستخط ہوئے۔قطر کی طرف سے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ان دو ممالک کے علاوہ بھی کئی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر تیار ہیں۔سرمایہ کاری سے یقینا پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی اس کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ ملک میں سالانہ اربوں ڈالر کی ریمیٹنسز آتی ہیں،محاصل کی مد میں ہے ایک خطیر رقم جمع ہوتی ہے۔پاکستان کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ان رقوم کا بہت بڑا حصہ بیرونی قرضوں اور سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔اگر ان قرضوں سے نجات حاصل کر لی جائے تو پاکستان خود انحصاری کی طرف آ سکتا ہے۔جس طرح پاکستان میں سرمایہ کاری آرہی ہے اس سے ایک امید پیدا ہوئی ہے۔یہ امید اسی طرح یقین میں تبدیل ہو سکتی ہے جب سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں بہترین ماحول ہو۔ پاکستان میں سیاسی استحکام ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ انرجی کا وافر اور سستا ہونا بھی لازم ہے۔بجلی کی قیمتیں جس طرح بہت زیادہ بڑھا دی گئی ہیں اس نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ہے اس کے ساتھ سرمایہ کار بھی مایوسی سے دوچار ہیں۔حکومت کو اس حوالے سے بلا تاخیر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن