توشہ خانہ ٹو کیس، بشریٰ بی بی کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

اسلام آباد؍ لاہور (خصوصی رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت + خبر نگار) توشہ خانہ 2  کیس میں بشری بی بی کی ضمانت کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی گئی۔ ایف آئی اے نے بشری بی بی کی ضمانت کے ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بشری بی بی کو دی گئی ضمانت کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، ہائیکورٹ کے ایک جج نے چیمبر میں ضمانت دی اور سپریم کورٹ کے طے کردہ اصولوں کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔ استغاثہ کا کیس یہ ہے کہ بشری بی بی اپنے شوہر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملوث ہیں، لیکن ہائیکورٹ نے ضمانت دیتے ہوئے یہ مدنظر نہیں رکھا کہ استغاثہ کے پاس یہ شواہد ہیں کہ بلغاری جیولری سیٹ کو توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا گیا، سپریم کورٹ ایک فیصلے میں یہ اصول طے کر چکی ہے کہ خاتون ہونے کے باوجود اگر کسی کا کرمنل ریکارڈ ہے تو اسے ضمانت نہیں مل سکتی۔ ایف آئی اے نے مزید کہا کہ 263  دن کسی کو جیل میں رہنے کی بنیاد پر ضمانت نہیں دی جا سکتی، اسلام ہائیکورٹ کے 23 اکتوبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ضمانت منسوخ کی جائے۔ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستیں دائر کردیں۔ سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ جبکہ ان کی جانب سے  4 وکلاء  نے وکالت نامے داخل کروا دیئے۔ وکلا نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستیں دائر کر دیں جبکہ ایف آئی اے پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے بریت کی درخواستوں کی مخالفت کی گئی۔ عدالت  نے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جاری کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر آفس کا اعتراض دور کیا جاتا ہے۔ لاہور میں  بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی لاہور اے ٹی سی میں عبوری ضمانتوں پر 11 مرتبہ سماعت ہو چکی ہے، بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 24 مقدمات میں ضمانتیں ہو چکی ہیں، اگر اتنے مقدمات میں ضمانت ہو جائے تو یہ باقی مقدمات میں ضمانت کے لیے کافی ہوتے ہیں، بانی پی ٹی آئی اپنی اہلیہ کے رہا ہونے پر بہت مطمئن تھے، یہاں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں کو سننے کے لیے کوئی تیار نہیں، آپ مقدمات سے بریت کی درخواست کی بات کر رہے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ کون سا ریلیف کب مانگنا ہے، میں آج 9 مئی کے چار مقدمات میں فیصلہ لینے آیا تھا مگر آج جج نے پراسیکیوشن کو ایک آخری موقع فراہم کیا ہے۔  ادھر بشریٰ بی بی دوبارہ پشاور پہنچ گئیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں قیام کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن