اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین آزادی اظہارِ رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے ، حکومت اس کو یقینی بناتی ہے، امن کے علاوہ، تنازعات اور جنگ کے دوران صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیتے رہتے ہیں،صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی ِصحافت ممکن نہیں ۔ وزیر اعظم آفس پریس ونگ کے مطابق صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافی لوگوں کو باخبر رکھنے کیلئے دن رات مصروفِ عمل رہتے ہیں،بد قسمتی سے صحافیوں کو سچ بولنے کی پاداش میں مختلف خطرات، مصیبتوں اور صعوبتوں کو جھیلنا پڑتا ہے،امن کے علاوہ، تنازعات اور جنگوں کے دوران بھی صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی کنوینشنز کے باوجود درجنوں صحافیوں کو دانستہ قتل کر کے سچ کا راستہ روکا گیا،صحافیوں کے قتلِ عام پر اقوامِ عالم اور بین الاقوامی تنظیموں کو چاہئے کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قطری قیادت کی غیرمعمولی گرمجوشی اور اعلی مہمان نوازی پر اظہار تشکرکیا ہے ۔وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا قطری قیادت کی غیرمعمولی گرمجوشی اوراعلی مہمان نوازی پربے حد ممنون ہوں، پاکستان قطر کے ساتھ اپنی خصوصی دوستی کوانتہائی اہمیت دیتا ہے۔